اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی)شہر قائدکراچی چند دن کے بعد آج پھر شدید گرمی اور لو کی لپیٹ میں ہے، دوپہر 2 بجے پارہ 41 ڈگری کو چھو گیا، شہر میں کل بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرقائد میں آج بھی موسم گرم اور خشک ہے۔
دوپہر میں سمندری ہوائیں معطل رہیں۔شمال مغربی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلتی رہیں، دوپہر 2 بجے تک پارہ 41 ڈگری کو چھو گیا۔شہر میں ہوائیں مغرب کی سمت سے 14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 8 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل بھی کراچی میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔شہر قائد میں کل درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔دوسری جانب آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ سندھ اور جنوبی بلوچستان میں گرم رہا تاہم پاراچنار میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔