کراچی، اسلام آباد(این این آئی، اے پی پی) محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے ہیٹ ویو کی دوسری ایڈوائزری جاری کردی ہے۔شہرقائد میں گرمی کی شدید لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کوکراچی شہر کا
درجہ حرارت 41 سے 42 ڈگری کے درمیان ریکارڈ کیاگیا جبکہ کل گرمی کا پارہ 39 سے 41 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے، ہفتے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دوبارہ 41 سے 42 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ شہر میں بلوچستان کی گرم وخشک ریگستانی ہوائیں چلنے کا امکان ہے، گرمی کی لہر کے دوران دن کے وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں منقطع رہ سکتی ہیں، شہری صبح 11بجے سے شام 4 بجے تک دھوپ سے بچنے کی کوشش کریں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے اضلاع گرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے۔ اس دوران گرد آلود ہوائیں ،جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ سندھ، جنوبی پنجاب اور وسطی و جنوبی بلوچستان میں شدید گرم رہا ہے۔