لاہور(این این آئی) پنجاب کی جیلوں میں موجود قیدیوں نے کروڑوں روپے کما کر حکومت کے حوالے کر دئیے۔پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی کمائی کے حوالے سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں نے لگ بھگ پونے 9 کروڑ روپے کا منافع کمایا۔رپورٹ کے مطابق 5 سال میں پنجاب بھر سے 21 ہزار سے زائد قیدیوں نے 8 کروڑ 76 لاکھ روپے منافع کمایا، یہ منافع مختلف اشیا ء کی فروخت سے حاصل ہوا۔
جیل میں قیدیوں کی تیار کردہ 18 مختلف اشیا ء مارکیٹ میں فروخت کی گئی تھیں، ان اشیا ء میں قالین، کمبل، کٹ باکس، سائیڈ لاکرز، فرنیچر سمیت کئی دیگر اشیا ء شامل تھیں، یہ اشیا ء قیدیوں نے مہارت کے ساتھ بنائیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں نے ٹیکسٹائل میں سب سے زیادہ 2 کروڑ سے زیادہ کا منافع کمایا، قیدیوں کی جانب سے کمائی گئی رقم چالان کی صورت میں قومی خزانے میں جمع کرا دی گئی ہے۔