کراچی(این این آئی)سینیٹ انتخابات سے متعلق تحریک انصاف کے ظہرانے میں ایم کیو ایم نے آخری لمحات میں معذرت کرلی۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہاکہ ایم کیو ایم والے اتحادی ہیں، مصروفیت کی وجہ سے نہیں آسکے۔تحریک انصاف کے رہنما مشیر جہاز رانی محمود مولوی کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے
میں پی ٹی آئی کے کچھ اراکین بھی غیر حاضر رہے۔سینیٹ انتخابات سے قبل سندھ میں ڈرامائی موڑ، ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ظہرانے میں شرکت سے معذرت کرلی، وفاقی وزیر اسد عمر اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت انتظار کرتی رہ گئی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے ظہرانے میں شرکت کی حامی بھری تھی۔ظہرانے میں شرکت کیلئے جی ڈی اے کے اراکین حسب وعدہ پی ٹی آئی رہنما محمود مولوی کی رہائش گاہ پر پہنچے، سینیٹ انتخابات سے قبل اتوارکی اس ملاقات کو بہت اہم قرار دیا جارہا تھا، ایم کیو ایم کے وفد کے انکار کے بعد کھانے پر ان کا انتظار نہیں کیا گیا، اتوارکوہونے والے اجلاس میں فیصل وا ڈا بھی شریک ہوئے۔اس موقع پروفاقی وزیر علی زیدی نے کہاکہ ایم کیو ایم والے ہمارے اتحادی ہیں، پیپلز پارٹی کی ایم کیو ایم سے ملاقات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کی مصروفیت تھی اسی لیے نہیں آسکے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں صورتحال ہمارے حق میں ہے۔