کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیٹ انتخابات میں متحدہ قومی موومنٹ کیلئے 2 نشستوں پر اپنے امیدوار دستبردار کرانے پر رضامندی ظاہر کردی۔ تفصیلا ت کے مطابق پیپلزپارٹی کا وفد ایم کیوایم پاکستان مرکز بہادرآباد پہنچا جس میں ناصر حسین شاہ، شرجیل میمن، مرتضیٰ وہاب اور وقار مہدی شامل تھے۔
ایم کیو ایم رہنماؤں اور پی پی وفد کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال بالخصوص آئندہ سینٹ انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھاکہ ایم کیوایم کی دو نشستوں کیلئے اپنے امیدوار دستبردار کرانے کو تیار ہیں لیکن متحدہ کو بھی یوسف رضا گیلانی والی نشست پر مدد کرنا ہوگی۔ان کا کہنا تھاکہ بلاول بھٹو کی ہدایت پر یہاں آئیں ہیں، متحدہ نے کہا ہے کہ ہماری گزارشات کو رابطہ کمیٹی میں رکھیں گے۔ناصر حسین کا کہنا تھاکہ پنجاب میں تحریک انصاف بہت خوفزدہ تھی، تحریک انصاف کے امیدواروں پر ان کے ہی اراکین کو تحفظات تھے۔ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کا کہنا تھاکہ مرکز آمد پر پیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، تاخیر سے ہی صحیح لیکن پیپلزپارٹی نے گزارشات رکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سے درخواست کی ہے کہ شہری سندھ سے احساس محرومی کو دور کیا جائے۔عامر خان کا کہنا تھاکہ احساس شراکت اور بلدیاتی اداروں کا بھی مسئلہ ہے، سینیٹ کا وقت تو گزر جائے گا لیکن مسائل حل کرنا ہوں گے۔