لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)حکمران جماعت پی ٹی آئی کے ناراض رکن سندھ اسمبلی شہریار شر نے سینیٹ انتخابات میں ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات سے قبل رکن سندھ اسمبلی شہریار شر بھی پارٹی سے ناراض ہو گئے، شہریار شر نے
سینیٹ انتخابات میں ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا۔شہریار شر نے نظرانداز ہونے پر تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ شہریار شر کچھ عرصے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں،شہریار شر کو پیپلز پارٹی کی جانب سے حلقے کا دوبارہ ٹکٹ ملنے کا بھی گرین سگنل مل گیا۔دوسری جانب حکومتی پالیسیوں سے تنگ آکر پاکستان تحریک انصاف سے بغاوت کرنے والے رکن اسمبلی خرم لغاری سے وزیراعظم ہائوس آفس نے رابطہ قائم کرلیا ہے اور انہیں منانے کی کوششیں شروع کردی ہیں، تاہم بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم ہائوس کی جانب سے کئے گئے رابطے پر باغی رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ نوجوانوں کی آواز اٹھا رہے ہیں اور اس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے اور ملک بھر کے نوجوانوں کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر کامیابی حاصل کی اور وزیراعظم کی یوتھ پالیسی سے متاثر ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔ لیکن وزیراعظم عمران خان نے اپنے پونے تین سالہ دورے اقتدار میں ملک کے نوجوانوں کو نظر انداز کردیا ہے جس پر انہوں نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔