لاہو ر(این این آئی)متروکہ وقف املاک بورڈ نے جیو میپنگ سے گمشدہ جائیدادوں کا سراغ لگا لیا، کرائے کی مد میں 32 لاکھ روپے وصول کر لیے جبکہ ڈیفالٹرز سے اراضی واگزار کرانے کیلئے آپریشن
کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کی گمنام جائیدادوں کا سراغ لگانے کیلئے کمیٹی قائم کی گئی تھی، کمیٹی کی کوششوں سے 118 ایسی جائیدادوں کا سراغ ملا ہے جن کا 2005 تک ریکارڈ موجود تھا اور باقاعدہ کرایہ وصول کیا جا رہا تھا، ان کے ماہانہ کرایہ داری بل غیرقانونی طور پر بند کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے کی کوششوں سے پراپرٹیز کو دوبارہ کرائے کے نیٹ میں لانے سے 32 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی ہے جبکہ کچھ جائیدادیں 8 سال سے ڈیفالٹ اسٹیٹس میں ہیں، ان کو واگزار کرانے کیلئے آپریشن پر غور کیا جا رہا ہے۔ ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق جیو میپنگ سے بلنگ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، محکمے نے جنوری میں 200 ملین کی رقم بلنگ کی مد میں وصول کی ہے۔