کراچی(این این آئی) وزیر اعظم کی جانب سے شہر قائد کو دی گئیں فائر ٹینڈرز اور واٹر باوزر لاوارث حالت میں کراچی پورٹ پر پڑا ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی کے دیا گیا تحفہ تاحال کراچی پورٹ پر سڑرہا ہے۔ سمندری ہواؤں سے گاڑیوں کی کارکردگی متاثر
ہوسکتی ہے۔پچاس فائر ٹینڈرز اور دو واٹر باوزر چین سے درآمد کیئے گئے۔ باون وہیکلز پانچ جنوری سے کراچی پورٹ پر موجود ہیں۔ وہیکلز کے ساتھ سترہ ہزار لیٹر خصوصی فوم اور واٹر بھی منگوایا گیا تھا۔گورنرسندھ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور وزیر برائے بحری امور نے دس جنوری کو وہیکلز کا جائزہ بھی لیا تھا۔ وزیر بحری امور نے کے پی ٹی کے تمام چارجز معاف کرنے کا اعلان کیا تھا۔وفاقی حکومت نے 17 فیصد سیلز ٹیکس اور تین فیصد ایڈیشنل ٹیکس بھی ختم کردیا تھا۔ فائر ٹینڈرز کی درآمد پر 6 فیصد انکم ٹیکس پہلے ہی ختم کیا جاچکا ہے۔وہیکلز سندھ حکومت کے توسط سے بلدیہ عظمی کراچی کے حوالے کی جائیں گی۔ بلدیہ عظمی فائر ڈیپارٹمنٹ کے پاس فعال فائرٹینڈرز کی شدید قلت ہے۔چھبیس فائر اسٹیشنز میں صرف گیارہ گاڑیاں قابل استعمال ہیں۔ فعال گاڑیوں کی قلت کی وجہ سے آتشزدگی کے واقعات میں جانی اور مالی نقصان زیادہ ہوتا ہے۔