سری نگر( آن لائن )یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے مقبوضہ کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کی تصویر والے پوسٹرز اور بینرز آویزاں کر دئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کی تصویر والے پوسٹرز سری نگر اور دیگر علاقوں میں
آویزاں کیے گئے ۔ ان پوسٹرز میں پاکستانی عوام اور وزیراعظم عمران خان سے اظہار تشکر کیا گیا ۔سری نگر اور دیگر علاقوں میں آویزاں کیے جانے والے ان پوسٹرز پر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ’شکریہ پاکستان‘اور ’’شکریہ عمران خان‘ تحریر کیا گیا ہے۔ سری نگر اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں وزیراعظم عمران خان کے پوسٹرز جموں و کشمیر لبریشن الائنس کی جانب سے آویزاں کیے گئے ہیں ۔پوسٹرز پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔مقبوضہ کشمیر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تصاویر والے پوسٹرز نے بھارت کی صفوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔۔ واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کی تصاویر والے پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔ قبل ازیں گذشتہ برس اکتوبر میں مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منانے کے لیے کشمیریوں نے قائد اعظم ،صدر پاکستان عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی تصاویر والے بینرز مختلف علاقوں میں لگائے تھے۔