اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پاک وہیلز کے بانی اور معروف آٹو اینالسٹ سنیل منج نے ٹویوٹا کی گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی کے پس منظر پر روشنی ڈالی ہے۔ ایک پوڈکاسٹ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ ٹویوٹا کی گاڑیوں کی قیمت میں مجموعی طور پر تقریباً 25 لاکھ روپے کی کمی دو اہم عوامل کی وجہ سے ممکن ہوئی۔سنیل منج کے مطابق حکومت کی جانب سے مختلف ٹیکسوں میں نرمی کے نتیجے میں گاڑی کی قیمت میں تقریباً 15 لاکھ روپے کی کمی آئی، جبکہ باقی تقریباً 10 لاکھ روپے ٹویوٹا کمپنی نے اپنے منافع میں کمی کر کے ایڈجسٹ کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی قیمت میں کمی اس وقت ہر جگہ موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے اور آٹو انڈسٹری میں اسے ایک غیر معمولی اور اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ٹویوٹا انڈس موٹرز نے پاکستان میں اپنے 35 سال مکمل ہونے پر اپنی مقبول آف روڈ اسپورٹس یوٹیلیٹی گاڑی ٹویوٹا فارچیونر کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا تھا۔ ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں کسی بھی بڑی کار ساز کمپنی کی جانب سے یہ سب سے بڑی قیمت میں کمی تصور کی جا رہی ہے۔نظرثانی شدہ قیمتوں کے مطابق ٹویوٹا فارچیونر جی کی نئی قیمت ایک کروڑ 24 لاکھ 35 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جو اس سے قبل تقریباً 25 لاکھ روپے زیادہ تھی۔ اسی طرح ٹویوٹا فارچیونر وی کی قیمت میں 25 لاکھ 70 ہزار روپے کمی کے بعد نئی قیمت ایک کروڑ 49 لاکھ 35 ہزار روپے طے کی گئی ہے۔















































