لاہور (آن لائن) پنجاب حکومت نے رواں مالی سال 2020-21 کے پہلے چھ ماہ میں 25 ارب روپے کی سپلمنٹری گرانٹ حاصل کر کے اپنی ہی پالیسی کو ہوا میں اڑا دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے اپنی کفایت شعاری مہم کے سلسلے میں ہر قسم کی سپلیمنٹری گرانٹ پر
پابندی عائد کر رکھی تھی۔ مگر پنجاب حکومت کو رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 25 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کے اجراء کا انکشاف محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی گئی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 33 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ طلب کی تھی۔ مگر محکمہ خزانہ پنجاب نے 25 ارب روپے جاری کرنے کے بعد مزید 8 ارب روپے کی سپلمنٹری گرانٹ دینے سے انکار کردیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے مذکورہ سپلیمنٹری گرانٹ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں جاری کی اور یہ رقم مختلف محکمہ جات کے لیپس ہونے والے بجٹ کی مد میں جاری کی گئی ہے۔