لاہور (این این آئی) نیو ائیر نائٹ سے قبل ون ویلرز کے خلاف شکنجہ تیار، لاہور پولیس اور ٹریفک پولیس نے پلان بنا لیا، بفل نکالنے اور بغیر سائیلنسر موٹر سائیکل اور رکشے بند کرنے کا حکم دیدیاگیا ۔ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا انہوں نے ون ویلنگ اور
ہوائی فائرنگ کے ریکارڈ یافتہ سے ضمانتی مچلکے لینے کی ہدایت کر دی۔ مزید برآں نیو ائیر نائٹ پر ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی روکنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا، نیو ائیر نائٹ پر 6 ہزار پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ شہر کے 216 پوائنٹس پر 260 ڈولفن سکواڈ اور 65 پی آر یو گاڑیاں گشت کریں گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون شکنی، ہلڑ بازی، نقص امن کا باعث بننے والے عناصر نیو ائیر نائٹ حوالات میں گزاریں گے۔ ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ کے ریکارڈ یافتہ سے ضمانتی مچلکے لینے کی بھی ہدایت، قائم مقام سی ٹی او لاہور وسیم ڈار کے مطابق ون ویلرز کی نشاندہی پر موٹر مکینک بھی جیل کی ہوا کھائے گا بغیر بفل اور سائیلنسر موٹرسائیکل اور رکشے بند ہوں گے، علاوہ ازیں ون ویلنگ، تیز رفتاری اور موٹر سائیکل پر کرتب دکھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ کینال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ سمیت اہم شاہراہوں پر نفری بڑھائی جائے گی۔ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے نوجوان نسل کی آگاہی کیلئے سوشل میڈیا پر بھی مہم چلائی جا رہی ہے۔