کراچی(آن لائن)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ساؤتھ زون کراچی کی ٹیم نے سب انسپکٹر شیر زمان اعوان کی سربراہی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یاسین کو دس ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ملزم نے کورنگی نمبر 6 مارکیٹ میں غیر قانونی طور پر پارکنگ الاٹ کرنے کے لئے رشوت طلب کی تھی۔ واضح رہے کہ ملزم باقاعدگی سے بغیر کسی ٹینڈر یا چالان کے مذکورہ علاقے میں غیر قانونی پارکنگ قائم کروا کے رشوت لیا کرتا تھا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرپشن ایک ناسور ہے۔ اس کے خلاف ہر سطح پر کارروائی کی جائے۔ عوام بلا خوف و خطر کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے یقین دہانی کروائی ہے کہ کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کرپٹ عناصر کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا