کراچی(این این آئی) ملیرکورٹ میں پیشی پر آئے قتل کے ملزم کو مخالفین نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا،قتل کرنے والے ملزم کو وکلا نے پکڑ لیا، اسلحہ برآمد، فائرنگ کرنے والا شخص قتل کیس کا مدعی تھا۔تفصیلات کے مطابق واقعہ پیرکوملیر کورٹ میں پیشی پر
آئے قتل کو ملزم خوشدل پرمخالفین نے کورٹ کے احاطے میں فائرنگ کردی،جس کے نتیجے میں ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادرملیرکورٹ پہنچ گئے۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ باپ نے بیٹے کے قاتل کو گولیاں مار کر قتل کردیاہے، ملزم کفایت اللہ کے بیٹے احسن کو لانڈھی کے علاقے شیرپاؤ میں سال2016کے دوران قتل کردیا گیا تھا۔عرفان بہادر کے مطابق پیرکوجیل پولیس حکام ملزم کو عدالت میں پیشی پر لائے تھے، جہاں ملیر کورٹ میں پہلے سے موجود مسلح ملزمان نے قیدی پر فائرنگ کردی، فائرنگ سے قتل کیس میں نامزد خوشدل نامی ملزم موقع پر ہی مارا گیا، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو رہے تھے کہ وکلا نے ایک کو پکڑکے پولیس کے حوالے کردیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جبکہ فائرنگ کرنے والا شخص قتل کیس کا مدعی تھا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم کی شناخت 60سال کے کفایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے اور ہلاک ملزم خوشدل پر کفایت اللہ کے بیٹے احسن کو 2016 میں قتل کرنے کا الزام تھا۔ملزم کفایت اللہ کو گرفتار کرکے پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ملزم خوشدل کو عدالت نے بری کر دیا تھا۔