اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )پی ٹی وی کے نئے چیئرمین نعیم بخاری نے کہا ہے کہ میں ادارے سے ایک روپیہ تنخواہ نہیں لوں گا، میرا مقصد پی ٹی وی کے ادارے کو بہتر بنانا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق معروف قانون دان، کمپیئر اور چیئرمین پی ٹی وی نعیم بخاری نے تنخواہ
نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی وی میں ملازمین کی یونین یہ چاہے کہ میں نہ آئوں تو میں اپنے دفتر میں بیٹھنا پسند کروں گا۔ مجھے پی ٹی وی سے کوئی ذاتی مفاد حاصل کرنے کی خواہش نہیں ہے۔دریں اثنا انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی وی پر حکومت اور اپوزیشن کو بالکل برابر وقت نہیں ملے گا ،پی ٹی وی کوئی نجی چینل نہیں ریاستی چینل ہے، پی ٹی وی حکومت کی نمائندگی کرتا ہے ،پی ٹی وی پر صرف حکومت کو وقت ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں پی ٹی وی میں کنٹریکٹ ملازمین ہونے ہی نہیں چاہئیں ،پی ٹی وی میں صرف مستقل ملازمین کو کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ چھ ہزار کنٹریکٹ ملازمین کیا اچار ڈالنے کیلئے رکھے گئے ہیں ،پی ٹی وی میں جنتی بھاری تنخواہیں دی جارہی ہیں کیا یہ ریاستی چینل چلانے کا طریقہ ہے ؟ریاستی چینل بچت مہم کے طرح چلنا چاہیے ،پی ٹی وی کو اپنی آمدن خود پیدا کرنی چاہیے ،پی ٹی وی کو ایسے پروگرام بنانے چاہئیں جو لوگ دیکھیں ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی وی فیس 35
روپے سے بڑھا کر سو روپے کرنے کی تجویز کی کابینہ نے منظوری نہیں دی تھی ،سوال یہ ہے لوگوں کو 35 روپے کے عوض کیا مل رہا ہے ؟،مجھے لانے کا مقصد یہ ہے کہ عوام کو پی ٹی وی فیس کے 35 روپے چبھیں ناں۔