اسلام آباد(آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان نے بریت کی استدعا کردی۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وکیل عبداللہ بابر اعوان ایڈووکیٹ نے بریت کی درخواست کے ساتھ تحریری دلائل عدالت میں جمع کرائے۔
وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ کسی گواہ نے عمران خان کے مقدمے میں ملوث ہونے کا بیان نہیں دیا ،عمران خان کے خلاف پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس کا کوئی ثبوت نہیں، پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس سیاسی مقدمہ تھا ،سزا کا کوئی امکان نہیں بنتا،عمران خان کو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے میں پھنسایا گیا۔ وکیل عبداللہ بابر اعوان نے عدالت سے استدعا کی کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265K کے تحت عمران خان کو بری کیا جائے ۔ وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیاہے جو کہ 29 اکتوبر کو سنایا جائیگا ۔