اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا ہے کہ نواز شریف وہ باتیں کررہا ہے جو بھارتی آرمی چیف نے کیں، چوراورداغی کولوگ کبھی انقلابی اورباغی نہیں کہیں گے۔ ایک انٹرویومیں ممتاز قانون دان بابر اعوان نے کہا کہ بھارت کا بیانیہ پاکستان پر مسلط کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو ڈیفنڈ کرنے
میں ان لوگوں کو شرمندگی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پر100 اعتراضات اٹھائیں لیکن ملک پرتنقید نہ کریں۔ بابر اعوان نے کہا کہ بھارتی صحافی برکھا دت نے اپنی کتاب میں لکھا ہے کہ کس طرح یہ لوگ سجن جندال سے گفتگو کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ عوامی مفاد کے لیے نہیں صرف ذاتی دولت بچانے کے لیے بولتے ہیں۔مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے کہا کہ برطانیہ میں کئی مفرورلوگ مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو مطلوب بھی کئی لوگ برطانیہ میں موجود ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوازشریف اورخاندان کے تمام افراد منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف مفرور ہونے کے ساتھ سزا یافتہ مجرم ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے مشیر نے کہا کہ اشتہاری ملزم کئی حقوق سے محروم جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوبھی مفرورہوتا ہے اس کی جائیداد قرق ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے خود اقتدار میں رہے، کیا ان سے سوال نہیں پوچھنا چاہیے کہ انہوں نے کیا کیا؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ لوگ کبھی بھی پاکستان میں استحکام نہیں چاہتے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جزائرسارے وفاق کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی لینڈز اتھارٹی اس علاقے کو ڈویلپ کرے گی جس کا فائدہ مقامی لوگوں کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ اچھا منصوبہ ہے۔بابر اعوان نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے کچھ حصوں کو کبھی نہ کبھی پارلیمنٹ میں بحث کے لیے لایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جتنے جلسے کریں گے اتنے ہی بے نقاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلی مرتبہ اقتدار میں آئے ہیں پانچ سال بعد ان سے بھی حساب لے لیں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل نہیں روکنا چاہیے۔وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی
امور بابر اعوان نے کہا کہ کاروبارمیں آسانی کے لیے وزیراعظم نے تاجروں کے ساتھ مختلف اجلاس کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا ہماری حکومت کی کورونا پالیسی کی تعریف کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ مکمل لاک ڈاؤن کریں۔