لاہور( این این آئی) پرائس کنٹرول کمیٹی کے سابق چیئرمین میاں عثمان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے حساس اشاریے خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں ،ادارہ شماریات کے مہنگائی کے حوالے سے اشاریے مرتب کرنے کانظام محض اندازوں پر مشتمل
ہے حالانکہ اوپن مارکیٹوں میں مہنگائی اس سے کئی گنازیادہ ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کیلئے آنے والے صارفین کی نمائندہ تنظیم کے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ سابق چیئرمین پی سی سی میاںعثمان نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے اعدادوشمار کے مطابق مزید اضافے سے مہنگائی کی مجموعی شرح 8.86 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے ۔ہمارے گراں فروشی فیشن بن چکا ہے ، حکومت عوام کا استحصال کرنے والوںکی گرفت کرتی ہے اور نہ ہی عوام اپنے حقوق کے لئے ایسے عناصرکا محاسبہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، عوام کو گراں فروشوںروکنے کیلئے سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں کرانے اورگراںفروشوںکے بائیکاٹ کو تحریک کی شکل دینا ہوگی تب جاکریہ لوگ راہ راست پر آئیں گے۔