اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ 26 ستمبر سے شروع ہو گا، ماہرین موسمیات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سرد مغربی ہواؤں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہونے کے لئے تیار ہے۔سرد مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ 26 ستمبر کو پاکستان میں داخل ہو گا اور
اس سے بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو جائے گا، اسلام آباد، پنجاب بھر میں بارشیں ہوں گی جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں بھی بارشوں کے سلسلوں کا آغاز ہو جائے گا۔ ان ہواؤ ں کی وجہ سے پاکستان کے شمالی علاقوں میں ٹھنڈ بڑھ جائے گی، ہواؤں کا یہ سلسلہ پاکستان میں کئی روز تک رہے گا۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں 3 دن تک گرمی میں اضافے کی پیشگوئی کی تھی اور کہا تھا کہ ہیٹ ویو کا کوئی خطرہ نہیں۔موسمیات نے کراچی میں 3 دن تک گرمی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمعرات تک گرمی کی جزوی لہر چل سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مرطوبیت اور سمندری ہواکی بندش سیدرجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے اور درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے تاہم شہر میں ہیٹ ویوکاکوئی خطرہ نہیں۔اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے ستمبر کے آخری ہفتے میں موسم مزید گرم رہنے کی پیش گوئی کی تھی اور کہا تھا اکتوبر میں بارشوں کا نیا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا جس کے باعث موسم میں تبدیلی رونما ہوگی۔ستمبر اپنا جلوہ دکھانے لگا ہے درجہ حرارت 37 تک پہنچ گیا۔مون سون بارشوں کے بعد بھی موسم میں بہتری نہ آسکی، موسم کا احوال بتانے والوں نے کہا ہے کہ ستمبر کے آخری ہفتے میں دن کے اوقات میں پارہ مزید بڑھے گا اور درجہ حرارت 40 تک جانے کا امکان ہے۔