اسلام آباد (این این آئی) این سی او سی نے کوویڈ مثبت معاملات میں ممکنہ اضافے سے خبردار کیا ہے کہ محرم الحرام میں صحت کے رہنما اصولوں اور ضابطہ اخلاق کی پیروی نہ کی گئی تو کورونا وائرس مزید پھیلے گا ۔ پیر کو این سی او سی کا اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی
زیر صدارت ہوا۔فورم نے آئندہ محرم اور صحت عامہ اور حفاظت کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا۔ وزیر مذہبی امور نے کہاکہ محرم کے جلوس کے دوران جامع پروٹوکول اور صحت کے رہنما خطوط وضع کرنے کے لئے علمائے کرام سے مدد لی جارہی ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ ہم نے مختلف شعبوں خصوصا سیاحت کو کھول دیا ہے ، لہذا ان لوگوں کا سراغ لگانے اور ان کی جانچ کرنے کی ضرورت ہے جو مختلف شعبوں سے وابستہ ہیں۔ اسد عمر نے کہاکہ عوام کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے،ان سرگرمیوں کے دوران جو لوگوں سے رابطہ کریں گے ان کی جانچ کرنا۔ صوبوں نے مختلف شعبوں کے آغاز کے بعد چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے این سی او سی کے عمل سے آگاہ کیا۔