لاہور( این این آئی )این سی او سی اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نے صوبے میں لاک ڈائون کے خاتمے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر)محمد عثمان کا کہنا ہے کہ شادی ہالوں کے علاوہ صوبے میں تمام کاروباری مراکز کھول دئیے گئے ہیں۔مذہبی اجتماعات متعلقہ انتظامیہ کی اجازت اور ایس او پیز
پر عمل درآمد سے مشروط ہوں گے، تمام کاروباری مراکز بھی ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تمام قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چل سکے گی، جبکہ کاروبار کے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیاں کرونا وائرس سے پہلے والے معمول کے مطابق ہوں گی۔سیکریٹری محمد عثمان نے کہا کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں، عوام سے گزارش ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔