کراچی (این این آئی)محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز بارشوں کی پیش گوئی کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے اور ایئر پورٹ پر موجود آلات کو موسم کی خرابی کی صورت میں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے شعبہ الیکٹریکل کو ٹوٹے ہوئے تاروں اور لائنوں کی مرمت
کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ کنٹرول ٹاور اور دیگر بلند عمارتوں پر بیکن لائٹس کو بھی درست حالت میں رکھا جائے۔سی اے اے کا مزید کہنا ہے کہ مون سون کے دوران ایئر پورٹ پر کیڑے مکوڑوں اور پرندوں کے تدارک کے لیے اسپرے اور شوٹرز تعینات کیے جائیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ایئر پورٹ کے گرد ڈرین پائپ اور جھاڑیوں کی کٹائی اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔