اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان میں کورونا کے حوالے سے صورت حال حوصلہ افزا ہے اور صوبائی حکومت کے مطابق 22 جولائی سے اب تک کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔کوئٹہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ
بلوچستان میں گذشتہ روز کورونا کے تین کیسز رپورٹ ہوئے تھے جب کہ عید کے3 دنوں میں صرف 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔نجی ٹی وی جیو کی رپورٹ کے مطابق لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ 22 جولائی سےاب تک بلوچستان میں کورونا سےکوئی ہلاکت نہیں ہوئی اورگذشتہ 5 روز میں بلوچستان کے 26 اضلاع سےکوروناکا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، لیکن ابھی کورونا ختم نہیں ہوا ، شہری احتیاطی تدابیر جاری رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ شادی ہالز کھولنے سے متعلق ابھی ضابطہ کار (ایس اوپیز) تیار نہیں ہوئے، شادی ہالز کھولےگئے تو سخت کارروائی کریں گے۔تعلیمی اداروں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 15 دن کے بعد صورت حال دیکھ کر تعلیمی ادارےکھولنےکا فیصلہ کریں گے،اساتذہ کی کورونا سے بچاؤ کی ایس اوپیز سےمتعلق تربیت جاری ہے۔