لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کے ملازمین کو عید پر تنخواہوں کی ادائیگی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کورونا کی وجہ سے سیاحتی مقامات کی آمدن بند ہونے پر ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی متاثر ہو رہی تھی جس پر وزیراعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت کی جانب سے ادائیگی کی منظوری دی۔
اس ضمن میں مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت و آثار قدیمہ آصف محمود نے بدھ کو ٹی ڈی سی پی کی نوتعمیرشدہ عمارت کا دورہ کر کے وزیراعلیٰ کی جانب سے سٹاف کی واجب الادا تنخواہ کی ادائیگی کا اعلان کیا۔ ٹی ڈی سی پی کے تمام سٹاف اور انتظامیہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور مشیر سیاحت سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر ٹی ڈی سی پی کے ایم ڈی تنویر جبار نے مشیر وزیراعلیٰ کو پنجاب حکومت کی طرف سے فراہم کردہ بلڈنگ پر بریفنگ دی۔ مشیر سیاحت آصف محمود نے نئی بلڈنگ کے تمام شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ٹی ڈی سی پی کو اپنی بلڈنگ فراہم کردی ہے جس سے فروغ سیاحت کے لئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی سی پی کی اپنی بلڈنگ فروغ سیاحت میں اہم سنگ میل ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔