کراچی(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے مطالبہ کیاہے کہ کے الیکٹرک کیساتھ جومعاہدہ ہواہے،وہ سامنے لانا چاہیے،یہ کیسا معاہدہ ہے کہ کے الیکٹرک جو چاہ رہی ہے کر رہی ہے،کراچی شہر کی جو بھی پریشانیاں ہیں سب کے سامنے ہیں،کراچی والوں کے صبر کا امتحان لیا جا رہا ہے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں زیادہ تر لوگ فلیٹ میں رہتے ہیں،کراچی میں لوگوں کو پانی نہیں مل رہا،بجلی نہیں ہے تو مشین نہیں چلی اور چائے بنانے کیلئے بھی پانی نہیں ہے،میں لوگوں کو کیسے تسلی دوں،کچھ علاقوں میں 2 اور کچھ میں 4 دنوں سے بجلی نہیں ہے،جو نمائندے کے الیکٹرک ہیڈآفس کے باہر احتجاج کررہے ہیںان کے اپنے گھر بھی ہیں وہ خود بھی متاثر ہیں،ہمارے تمام ایم این اے ایم پی ایز اپنے حلقوں میں موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم چاروں طرف سے اس وقت گھرے ہوئے ہیں،ہم اپنے وفاقی وزیر سے شکایت نہیں کر سکتے،وفاقی وزیر توانائی عمرایوب سے کے الیکٹرک کے حوالے سے بات کی توانہوں نے کہا کہ کراچی سے میرا کوئی تعلق نہیں،میں خود پریشان ہوں میں کیا کر سکتا ہوں،وزیراعظم عمران خان جس دن کراچی آتے ہیں وزیر اعلی سندھ اسی دن کوئی نہ کوئی میٹنگ رکھ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ عمران خان اس صورتحال سے کس طرح پریشان ہیں میں جانتا ہوں۔اس وقت تمام جماعتوں کے لوگ اور عوام بھی کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔