اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہسپتال میں ڈیوٹی چھوڑ کر عدالت آنے والے ڈاکٹرز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرز کو سماعت چھوڑ کر واپس ڈیوٹی پر ہسپتال جانے کی ہدایت کی ہے ۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کی ۔ دور ان سماعت چیف جسٹس نے ڈاکٹرز کے وکلاء سے مکالمہ کیاکہ منع کرنے کے باوجود ڈاکٹرز عدالت کیوں آجاتے ہیں،کرونا وائرس کے دوران ڈاکٹرز کی ہسپتال میں ضرورت ہے۔ چیف
جسٹس نے کہاکہ وکلاء کی موجودگی میں ڈاکٹرز کو اپنی ڈیوٹی چھوڑ کر عدالت آنے کی کیا ضرورت ہے، کرونا ایمرجنسی میں فرنٹ لائن پر ہونے کی وجہ سے عدالت ڈاکٹرز کی زیادہ قدر کرتی ہے۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ڈاکٹرز نے پروموشن سے متعلق عدالت سے رجوع کر رکھا ہے ،عدالت آنے والے ڈاکٹرز میں پمز سمیت اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں کے ڈاکٹرز شامل ہیں ۔بعد ازاں کیس کی سماعت 8جولائی تک ملتوی کردی گئی ۔