راولپنڈی (این این آئی) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ایک انٹرویومیں وائس چانسلر راول پنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر نے کہا کہ کورونا وائرس سے خوفزدہ نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہلکے بخار، نزلہ اور زکام کی صورت میں گھر پر ہی رہیں، صرف تیز بخار یا سانس لینے میں تکلیف کی صورت میں ہسپتال آئیں۔ڈاکٹر نے کہا کہ آنے والے وقت
میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی ہو گی، راول پنڈی میں 5 ہزار افراد کو کورونا وائرس کے شبہ میں ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔وائس چانسلر راول پنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ راول پنڈی میں 2 ہزار مریضوں میں اب تک کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ راول پنڈی میں کورونا وائرس کے 1800 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ یہاں 3 ماہ کے دوران اس وائرس کے 190 مریض انتقال کر چکے ہیں۔