اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے 9ڈویژنوں میں ایک بھی دکان ایسی نہیں ملی جہاں 20کلو آٹے کا تھیلا ڈی سی ریٹ پر فروخت ہورہا ہو۔ خفیہ ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق لاہور، شیخوپوہ، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ریجن میں 1055دکانوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے صرف فیصل آباد کی 16دکانوں پر آٹا کچھ مناسب ریٹ پر فروخت ہورہا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 1055میں سے 935 دکانوں
پر اوورچارجنگ کی جا رہی ہے جبکہ 104 دکانوں پر آٹے کا اسٹاک موجود ہی نہیں۔ رپورٹ کے مطابق 99فیصد دکانوں پر 20کلو آٹے کا تھیلا 805 روپے مقررہ نرخ کے باوجود 910روپے سے 1100روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ منافع خوری راولپنڈی اور ڈیرہ غازیخان ڈویژنوں میں کی جا رہی ہے۔ چکیوں والے بھی 2سے 3روپے اضافے کے ساتھ 65روپے فی کلو آٹا فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔