لاہور( این این آئی )پنجاب حکومت کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حتمی اہداف طے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ،تنخواہوں میں اضافے کی صورت میں صوبائی بجٹ پر 68 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا،کورونا وائرس کی وبا ء سے نمٹنے کے لئے کم از کم 13 ارب روپے خصوصی طور پر مختص کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پنجاب کو وفاقی محاصل سے کتنا شیئر ملے گا وفاق نے ابھی تک کچھ واضح نہیں کیا،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے سے متعلق بھی ابھی تک آگاہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے تنخواہوں کی مد میں 337 ارب روپے کی رقم کو منجمد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،تنخواہوں میں اضافے کی صورت میں صوبائی بجٹ پر 68 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ذرائع کے مطابق صوبے کا حتمی شیئر سامنے آنے کے بعد سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حتمی اہداف طے کئے جا سکیں گے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میںکورونا وائرس کی وبا ء سے نمٹنے کے لئے کم از کم 13 ارب روپے خصوصی طور پر مختص کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے لڑنے والے فرنٹ لائن ورکرز کی تنخواہوں اور اعزازیے کیلئے 20 فیصد اضافی بجٹ مختص کئے جانے کا بھی امکان ہے ۔