لاہور( این این آئی )فلور ملوں کے بعد آٹا چکی مالکان نے بھی آٹے میں 3روپے فی کلو اضافہ کردیا جس سے فی من قیمت میں120روپے اضافہ ہو گیا۔آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبد الرحمان نے بتایا کہ رمضان المبارک میں عوام کی سہولت کیلئے 3روپے کمی کر کے 62روپے فی کلو قیمت مقرر کی گئی تھی ۔ ہمارا اندازہ تھا کہ نئی فصل آنے کے بعد اوپن مارکیٹ میں گندم کی
قیمت میں کمی ہو گی لیکن اس وقت قیمت 1900سے2000روپے فی من تک پہنچ چکی ہے جبکہ ٹرانسپورٹیشن اور دیگر اخراجات الگ ہیں۔انتہائی مجبوری کے عالم میں قیمت میں پرانی قیمت بحال کی ہے جو65روپے فی کلو ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں کمی یا حکومت کی جانب سے کوئی ریلیف ملے گا تو آٹے کی قیمتوں میں دوبارہ کمی کر دی جائے گی۔