راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیگی، قومی فوڈ سیکیورٹی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات پر قابو پانے کے لئے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ جمعرات کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے
نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کا دورہ کیا اس موقع پر آر می چیف کو ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے انسداد ٹڈی دل سینٹر کا دورہ کیا جہاں انجینئر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے بریفنگ دی۔اس موقع پر آرمی چیف نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ٹڈی دل پر قابو پانے کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ سول انتظامیہ کیساتھ ٹڈی دل پر قابوپانے کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ قومی فوڈسیکیورٹی کے تحفظ اور معیشت پر پڑنے والے اثرات کو قابو پانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ آرمی چیف نے ملک سے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے انسداد ٹڈی دل سنٹر کی کاوشوں کو بھی سراہا.۔