اسلام آباد (این این آئی)قائد اعظم یونیورسٹی نے آن لائن کلاسز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے سے اساتذہ اور طلبہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ قائد اعظم یونیوسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آن لائن کلاسز یکم جون سے شروع ہوں گی اور اگست تک جاری رکھی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ کو انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو آن لائن کلاسز لینے پر آمادہ کریں۔ذرائع نے بتایاکہ اساتذہ سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے طلبہ جن کی انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہے انہیں اس بات پہ آمادہ کریں کہ وہ اپنے سمسٹرز کو فریز کرالیں۔قائد اعظم یونیورسٹی کے حوالے سے ذمہ دار ذرائع نے یہ انکشاف کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ تاحال امتحانات لینے یا منسوخ کرنے کے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ۔