اسلام آباد (این این آئی)ملک کے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں مشاورت مکمل کر لی ہے، صدر مملکت کی صدارت میں ہونے والے اجلا س کیلئے تجاویز و مطالبات مرتب کر لیے ہیں، پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد و المدارس پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا اسد زکریا قاسمی، متحدہ جمعیت اہل حدیث کے سید ضیاء اللہ شاہ بخاری،
جمعیت علماء پاکستان کے مولانا محمد خان لغاری، جمعیت علماء امامیہ کے مولانا غلام اکبر ساقی، وفاق المساجد و المدارس پاکستان کے علامہ طاہر الحسن، متحدہ علماء اسلام کے مولانا مفتی محمد ضیاء مدنی، دارالافتاء پاکستان کے مفتی محمد عمر فاروق، پاکستان تحریک انصاف علماء ونگ کے مولانا قاسم قاسمی، علامہ عبد الحق مجاہد، مولانا قاضی مطیع اللہ سعیدی، مولانا نعمان حاشر، مولانا ابو بکر صابری، علامہ زبیر عابد، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا اسید الرحمن سعید، پیر اسعد حبیب شاہ جمالی، مولانا طاہر عقیل اعوان، قاری عبد الحکیم اطہر، مولانا عمار بلوچ، مولانا عبید اللہ گورمانی، مولانا احسان احمد حسینی اور دیگر علماء نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ موجودہ حالات میں علماء و مشائخ قومی وحدت اور اتحاد چاہتے ہیں، کرونا ایک وباء ہے جس سے نجات کیلئے رجوع الی اللہ اور احتیاطی تدابیر پر عمل ضروری ہے، لہذا رمضان المبارک کے دوران تراویح نمازوں، جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں مندرجہ ذیل تجاویز کی روشنی میں لائحہ عمل مرتب کرنے سے رمضان المبارک کی رحمتیں اور برکتیں بھی حاصل ہوں گی اور عوام الناس اس وباء سے محفوظ رہیں گے، رہنماؤں نے کہا کہ علماء و مشائخ حکومت سے نہ تصادم چاہتے ہیں اور نہ ہی تصادم کی فضا پیدا ہونے دیں گے، تجاویز میں مطالبہ کیا گیاکہ مساجد ہر گز بند نہیں ہونی چاہئیں اور نہ ہی مساجد سے اذان اور نماز باجماعت کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ مساجد میں مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہئے،
صفوں کے درمیان فاصلہ اور افراد کے درمیان فاصلہ حسب تعلیمات وزارت صحت ہونا چاہیے اور اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے اور اس سلسلہ میں مکمل ترتیب مسجد انتظامیہ اور مقامی انتظامیہ کرے۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مشاورت سے نمازیوں کی تعداد مسجد کے رقبہ کے مطابق طے ہوجانی چاہیے اور جو چیز طے ہو اس پر مکمل عمل ہونا چاہیے، تعداد سے زیادہ عوام الناس کو روکنے کیلئے پولیس اور مسجد انتظامیہ کے درمیان تعاون ہونا چاہیے۔علماء، آئمہ، موذن اور اتنی قوت نہیں رکھتے کہ وہ عوام الناس کو طاقت سے مساجد میں آنے سے روکیں لہذا یہ معاملات باہمی مشاورت سے طے ہونے چاہئیں۔ بعض مقامات پر وباء تیزی سے پھیل رہی ہے۔ پورا علاقہ ہی متاثر ہے، لہذا ان علاقوں کے اندر مساجد کا عملہ جو مسجد کے اندر ہی رہتا ہے وہ اذان دے اور جماعت کروائے۔
نمازی حضرات سے کہا جائے کہ وہ وضوگھر سے کر کے آئیں، سنتیں گھر میں ادا کریں اور نماز کے بعد فوری گھر واپس جائیں، نیز کوشش یہ کی جائے کہ نماز کھلی جگہ میں ہو۔ نماز تراویح میں بھی ان ہی ہدایات پر مکمل عمل ہو اور جو چیزبھی مقامی انتظامیہ، پولیس کے مطابق طے ہو اس کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔ صوبائی حکومتیں اور وفاقی حکومت، ڈی سی اور کمشنر صاحبان کو پابند کریں کہ وہ فوری طور پر مقامی سطح پر میٹنگز کر کے مساجد کی انتظامیہ کے ساتھ معاملات کو حتمی شکل دیں۔ اعتکاف بھی مساجد میں ہو لیکن احتیاطی تدابیر اور فاصلہ کے مطابق، مساجد کو ہر نماز سے قبل جراثیم کش ادویات سیدھویا جائے اور نماز کے بعد بھی اسی طرح دھویا جائے۔ نمازیوں کو کہا جائے کہ وہ ماسک اور سینی ٹائیزر کا استعمال کریں،مساجد و مدارس کے تین ماہ کے یوٹیلیٹی بلز ختم کیے جائیں، حکومت کی طرف سے جو مراعات دیگر پاکستانیوں کو دی جا رہی ہیں،اسی طرح امام، موذن اور خطیب کو بھی دی جائیں۔