پشاور (این این آئی) خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے روک تھام کے سلسلے میں صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں مزید توسیع کر دی ہے۔محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 5 اپریل تک سرکاری و نجی اسکولز
کورونا وائرس کی روک تھام کے باعث بند ہوں گے۔ اس سے قبل محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے پی نے 31 مارچ تک اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا کے کیسز سامنے آنے کے بعد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ سندھ میں 30 مئی جب کہ بلوچستان میں 31 مارچ تک تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔