اسلام آباد(آن لائن ) ضلعی انتظامیہ شہر میں کرونا وائرس کے حوالے سے جاری کردہ ضابطہ کار یقینی بنانے کے لیے متحرک ہوگئی ہے۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کاکہناہے کہ مختلف دکانوں پر استثنیٰ کی آڑ میں دیگر اشیاء کی فروخت بھی جاری تھی۔
مْختلف دکانوں پر ہینڈ سینٹائزرز اور ماسک کے استعمال کے حوالے سے خلاف ورزیاں جاری تھیں۔دکانوں میں 7 سے زائد گاہکوں کے بیک وقت اکٹھا ہونے پر پابندی ہے ۔325 دکانوں کو کاروائی کرکے بند کر دیا گیا ہے ۔ ڈی سی اسلام آباد کیمطابق دکانوں کو کھولنے کے لیے دکانداروں کو متعلقہ تھانوں سے اجازت لینا لازمی ہوگی۔دوبارہ خلاف ورزی نہ کرنے کی یقین دہانی پر ہی دکانیں کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ حمزہ شفقات کا کہنا تھاکہ ہم نے اپنی اور سب شہریوں کی بھی جان بچانی ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دکانوں پر گاہکوں کی ڈیلنگ کے حوالے سے امدادی تصاویر بھی جاری کی گئیں۔تصاویر میں دکانداروں کو گاہکوں کے ساتھ احتیاطی تدابیر کے تحت ڈیلنگ کرنے کا طریقہ کار بتایا گیا ہے۔ ہرقسم کی دکان شام چار بجے بند کرنے کا حکم جاری کردیا گیاہے۔، پولیس کیمطابق کریانہ ، دودھ دہی، سمیت کھانے پینے کی بھی دکانیں بند کروائی جا ئیں گی ۔کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں کھلی رکھنے کا بدھ کو وقت صبح آٹھ بجے سے چار بجے تک مقرر تھا۔چار بجے کے بعد صرف میڈیکل سٹور کھلے رہیں گے۔