لاہور(این این آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے کام کرنے والے ڈاکٹروں، نرسز، طبی عملے اور دیگر کو ایک تنخواہ کے برابر سپیشل رسک الائونس دیا جائے گا۔ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ میں 14 روز گزار کر کلیئر قرار دیئے جانے والے 600 افراد کو ان کے گھروں میں بھجوایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب متعلقہ اضلاع میں ان کی فالو اپ سکریننگ کا بھی اہتمام کر رہی ہے۔
ان کے کورونا ٹیسٹ بھی نیگٹو آچکے ہیں۔ جیلوں میں بھی قیدیوں کی سکریننگ کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ معمولی جرائم میں ملوث 3500 قیدیوں کی رہائی کیلئے سمری بھجوائی جا رہی ہے۔ لاہور کیمپ جیل میں قیدیوںکیلئے 100 بیڈز کا خصوصی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسداد کورونا اقدامات کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 312 ہے۔ڈیرہ غازی خان میں 176، لاہور 77، ملتان3، جہلم 19، راولپنڈی 2، فیصل آباد2 ، گجرات21، گوجرانوالہ8، منڈی بہائوالدین، رحیم یار خان، سرگودھا اور نارووال میں ایک ایک مریض ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں قرنطینہ سینٹرز کی مجموعی تعداد 163 ہے جہاں مریضو ںکی مجموعی گنجائش 20 ہزار ہے اور مزید قرنطینہ سینٹر بنانے اور طبی سہولتوں کو بڑھانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ صوبہ کے ہر ڈویژن میں بی ایس ایل لیول تھری لیبارٹری قائم کی جائے گی۔ پانچ ڈویژن کیلئے 62 کروڑ روپے جاری کئے جا چکے ہیں اور اس پراجیکٹ کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت پنجاب سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ رہی ہے کہ پنجاب میں بیرون ملک سفر کرکے آنے والے سول ایوی ایشن سے وابستہ فضائی عملے اور دیگر سٹاف کے فوری چیک اپ کا فوری بندوبست کیا جائے یا حکومت پنجاب کو ان کی سکریننگ کیلئے فہرست فراہم کی جائے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ کے دیگر شہروں میں صفائی اور دیگر ضروری امور کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انتظامیہ شہروں کی صفائی ستھرائی کا اہتمام کرے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں میں فوڈ چین سپلائی کسی صورت متاثر نہیں ہونی چاہیئے۔ ہمارے پاس اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کسی قسم کی قلت نہیں تاہم عوام بھی غیر ضروری طور پر اشیاء کا سٹاک کرنے سے گریز کریں۔ انتظامیہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے پی پی ای یعنی حفاظتی لباس وغیرہ کی خریداری اور فراہمی کا عمل جاری ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپیل کی کہ شہری سماجی فاصلے برقرار رکھیں اور مخیر حضرات نادار لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کا اہتمام کریں۔ کرفیو نہیں ہے لیکن شہری گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں اور تعاون کریں۔ حکومت پنجاب وفاقی حکومت کی طرز پر سوشل پروٹیکشن پیکیج دے گی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے بتایا کہ فیصل آباد میں ایران سے آنے والے 150 زائرین کو رکھا گیا ہے۔ فی الحال تفتان کا بارڈر بند ہے اور مزید زائرین کے آنے کی کوئی اطلاع نہیں۔ اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، فیاض الحسن چوہان، رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ، ڈی جی پی آر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔