اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعدا د میں اضافہ کی وجہ سے آزادکشمیر میں اس مرض کے بڑھنے کے پیش نظرمورخہ 23مارچ (پیر)کی رات 12:00بجے سے آزادکشمیر بھر میں تین ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیاجس پر عملددرآمد کے لیے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے اور متعلقہ اداروں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔
عوام کو غیر ضروری سفر کرنے اور گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی ہوگی۔پبلک ٹرانسپورٹ سمیت ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بند رکھی جائیگی صرف کھانے پینے اور سامان لانے والی ٹرانسپورٹ کو اجازت ہوگی۔انتہائی ضروری اور ناگزیر حالات میں سفر کرنیوالوں کے لیے شناختی کارڈ د یکھانے کے بعد جانے کی اجازت ہوگی۔ یہ کرفیو نہیں ہوگا بلکہ عوام کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔تعلیمی ادارے بدستور بند رہیں گے۔ مکمل لاک ڈاؤن کے دوران آزادکشمیر میں چیف سیکرٹری آفس،سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن،قانون،ہوم ڈیپارٹمنٹ،صحت عامہ کے تمام دفاتر،پولیس ڈیپارٹمنٹ، SMBRآفس،IGP، انتظامیہ،انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ،لوکل گورنمنٹ،PPHڈیپارٹمنٹ،بلدیاتی ادارے کھلے رہیں گے جبکہ باقی غیر ضروری تمام دفاتر بند رہیں گے۔لاک ڈاؤن کے دوران بین الصوبائی،بین اضلاعی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔ہر قسم کے اجتماعات،مذہبی محفل،ہوٹلز،شاپنگ مالز،شادی ہالزبھی بند رہیں گے تاہم کھانے پینے اور میڈیکل سٹورزکھلے رہیں گے۔ نمازجنازہ میں کم سے کم افراد کو شرکت کریں تدفین کے بعد مذہبی رسومات صرف غم زدہ افراد اور خاندان کے افراد ہی شرکت کریں۔ لاک ڈاؤن کے دوران کھانے پینے،ادوایات اور میڈیکل سامان لانے والی ٹرانسپورٹ پر پابندی نہیں ہوگی۔جن افراد یا سرکاری ملازمین پر پابندی نہیں ہوگی وہ اپنے ساتھ شناختی کارڈ کی کاپی یا متعلقہ ادارہ کے جاری ہونیوالے پاسز رکھیں گے۔
اشیاء خوردونوش،گوشت،سبزی،دودھ،فروٹ کی دکانیں کھلی رہیں گی۔میونسپل سروسز،محکمہ برقیات،آب رسانی،ایس سی او،موبائل کمپنیوں کے سٹاف،بینک،محدود سٹاف کے ساتھ کام کریں گے۔پیٹرول پمپ اور ایل پی جی گیس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔صحافی حضرات متعلقہ ڈپٹی کمشنر صاحبان کی اجازت سے اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے اس سلسلہ میں محکمہ اطلاعات خصوصی پاسز جاری کرئے گا۔کھانے پینے کی دکانیں صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک کھلی رہیں گی۔میڈیکل سٹورز پر وقت کی پابندی نہیں ہوگی۔اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کھڑی نظر رکھی جائیگی۔
قیمتوں میں اضافہ اور ذخیرہ اندوزی برداشت نہیں کی جائیگی اور خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر نے کرونا وائرس جیسے موذی مرض کی روک تھام کے لیے اور عوام کو اس مرض سے بچاؤ کے لیے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے اور لوگوں سے کہا ہے کہ وہ حکومتی ہدایات کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران اپنے گھروں میں رہیں غیر ضروری لوگوں سے میل جول نہ رکھیں چونکہ کرونا وائرس کا کوئی علاج نہیں ہے اس کے لیے صرف احتیاطی تدابیریں ہیں۔حکومتی ہدایات کے مطابق چیف سیکرٹری آزادکشمیر کی طرف سے کسی بھی دفتر یا ملازمین کو حاضر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تو اس کے لیے احکامات جاری کیے جائیں گے۔