اسلام آباد (این این آئی) بھارہ کہو کے علاقے میں تبلیغی جماعت کے 6 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔ اے ایس پی بھارہ کہو حمزہ امان اللہ نے کہاکہ کوٹ ہتھیال میں 6 غیر ملکیوں سمیت 13 لوگوں کی جماعت تبلیغ پر تھی، جماعت میں شامل پہلے ایک غیر ملکی میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ اے ایس پی بھارہ کہو حمزہ امان اللہ نے بتایاکہ جماعت میں شامل پانچ مزید افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔ اے ایس پی بھارہ کہو کے مطابق
جماعت میں شریک باقی 6 افراد کے بھی ٹیسٹ کروائے جا رہے ہیں، کوٹ ہتھیال کے خارجی و داخلی راستوں پر پولیس تعینات کر دی۔اے ایس پی بھارہ کہو کے مطابق تمام علاقے کو قرنطینہ میں بدل دیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ اہل علاقہ کے ٹیسٹ کروائے گی۔انہوں نے کہاکہ علاقے میں دودھ، کریانہ، بیکری کے علاوہ باقی دکانیں بند کروا دی گئیں، بھارہ کہو بازار بھی بند کریں گے، ضلعی انتظامیہ کے احکامات کا انتظار ہے۔