اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث تیسری ہلاکت ہوئی ہے۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے مشیر برائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے صوبے میں کورونا وائرس سے تیسری ہلاکت کی تصدیق کی۔پریس کانفرنس میں اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جاں بحق ہونے والی خاتون کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد صوبے میں مہلک وائرس سے انتقال کرجانے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔خیال رہے کہ خیرپختونخوا میں تیسری ہلاکت کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے جبکہ ایک مریض کا انتقال سندھ میں ہوا تھا۔اُدھر ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 714 تک جاپہنچی ہے جن میں سے سندھ میں 333، پنجاب میں 163، بلوچستان سے 104، گلگت بلتستان میں 71، خیبر پختونخوا میں 31، اسلام آباد میں 11 اور ایک آزاد کشمیر میں رپورٹ ہوا ہے۔ملک بھر میں اب تک 5 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں سے 3 کا تعلق سندھ اور 2 کا اسلام آباد سے ہے۔