اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)رحیم یارخان میں ایران سے براہ راست صادق آباد اسپتال پہنچنے والے خاندان نے پنجاب حکومت کےانتظامات کا پول کھول دیا۔جیو نیو زکے مطابق تفتان بارڈر سے جمعہ کے روز ایک خاندان انتظامیہ کو چکمہ دے کر بسوں کے ذریعے تحصیل اسپتال صادق آباد پہنچا، جنہیں دیکھ کر اسپتال میں موجود طبی عملے نے سب کے لیے کھلا خطرہ قرار دیا۔ڈاکٹر نے اس صورتحال کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جس میں ڈاکٹروں کے پاس حفاطتی لباس نہ ہونے کی شکایت بھی کی گئی ہے۔
تاہم، اس صورتحال پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے وائرل ویڈیو کو گمراہ کُن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کو تمام تر حفاطتی کٹس فراہم کی گئیں ہیں اور مشتبہ مریضوں کے لیے قرنطینہ وارڈ بھی بنا دیا گیا ہے۔ڈی سی علی شہزاد کا کہنا تھا کہ ویڈیو بنانے والے ڈاکٹر کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی ایچ او کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔خیال رہے کہ ایران سے براہ راست آنے والے زائرین میاں بیوی اور دو بچوں کا تعلق احمد پور لمہ کی بلوچ کالونی سے ہے۔