اسلام آباد (این این آئی) پاکستان میں ایک چاند خواب بن کر رہ گیا، وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ایک چاند پر سب کو اکٹھا کرنے کی ایک اور کوشش ناکام ہوگئی ، فواد چوہدری کی دعوت پر سائنٹفک کمیٹی میں مفتی منیب الرحمن اور مفتی پوپلز ئی شریک نہیں ہوئے جبکہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ
ضد کا ہمارے پاس کوئی علاج نہیں چاہتے ہیں قوم ایک ہی عید منائے،دو اپریل کو لاہور میں دوسری میٹنگ میں دوبارہ دونوں کو دعوت دی جائے گی۔ جمعرات کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ایک چاند اور عید پر سب کو اکٹھا کرنے کی کوشش رائیگاں چلی گئی۔ اسلام آباد میں رویت ہلال پر سائنٹفک کمیٹی کے اجلاس میں مکرزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن اور مفتی پوپلزئی شریک نہ ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہاکہ مفتی منیب الرحمان کہتے ہیں سائنس کو وہ جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں اور خود سائنس کی ایجاد عینک ناک پر لگا رکھی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان علما کونسل کے سربراہ علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ علماء کو چاہئے کہ مستقبل کی سوچ کو لے کر آگے بڑھیں مفتی منیب اور پوپلزئی کے پاوں پکڑنے کو بھی تیار ہیں۔سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ چاند کی روئت کا اعلان وزارت اطلاعات یا وزارت سائنس کی طرف سے ہونا چاہئے کسی کو انفرادی طور پر کمیٹی کی بنیاد پر یہ اختیار نہیں ہونا چاہیے۔