اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چکوال شہر کے قدیمی چھپڑ بازار میں سونے کی دکان پکوڑوں میں تبدیل۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے معروف صراف ممتاز احمد تاج نے ڈیڑھ سال کے بعد کاروبار مندہ ہونے کے بعد اپنے کئی سالوں سے چلتا ہوا زیورات اور سونے کا کاروبار ختم کردیا کیونکہ وہ کرایہ پر حاصل کی جانے والی دکان کا کرایہ ادا کرنے کے بھی قابل نہیں رہا تھا۔ ممتاز احمد تاج نے بتایا کہ اب وہ پکوڑے اور سموسے تیار کرکے چھ سے سات سو روپے کی
دیہاڑی لگا رہا ہے اور اپنے بال بچوں کا پیٹ پال رہا ہے۔ ممتاز احمد تاج کے مطابق ڈیڑھ قبل سونے کے نرخ چالیس اور پچاس ہزارروپے کے درمیان تھے جو گزشتہ ڈیڑھ سالوں میں یکدم 90سے95ہزار فی تولہ ہوا تو گاہک آنا بھی کم ہوگئے اور انکو جان کے لالے پڑ گئے۔ ممتاز احمد تاج گزشتہ تیس سالوں سے زرگری اور زیورات کی فروخت کا کام کررہا تھا اور خوشحال زندگی بسر کر رہا تھا مگر اب ڈیڑھ سال میں اس کیلئے دو وقت کی روٹی کا مسئلہ پیدا ہوگیا ۔