لاہور(آن لائن)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گلبرگ والے گھرکو پناہ گاہ بنائے جانے کے بعد پہلی رات 17افراد نے قیام کیا۔مقیم افراد کو رات کا کھانا اور صبح کا ناشتہ دیا گیا، پناہ گاہ روزانہ شام چھ سے صبح 8 بجے تک کھلا کرے گی جہاں 50 مرد و خواتین کی رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے ۔
ان میں 15 خواتین 35 مرد رہ سکیں گے۔ضلعی انتظامیہ نے حکومت پنجاب کی مشاورت کے بعد اسحاق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ بنا یا ہے، غریب اور بے سہارا لوگوں نے اب عالیشان بنگلے کا لطف اٹھانا شروع کردیا۔پہلے روز رہائش اور کھانا کھانے کے بعد تمام افراد اپنے اپنے روزگار پر چلے گئے اور شام چھ بجے دوبارہ غریب اوربے سہارا لوگ پناہ گاہ پہنچ گئے۔اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کو پناہ گاہ بنائے جانے پر دور دور سے لوگ اسے دیکھنے بھی آرہے ہیں۔ گجرات سے تعلق رکھنے والے پروفیسر عبدالمجید اپنی بیٹی کے ہمراہ عالیشان پناہ گا ہ دیکھنے آئے مگر وقت ختم ہونے کی وجہ سے دیکھنے کی اجازت نہ مل سکی۔اسسٹنٹ کمشنر ذ یشان نصراللہ رانجھا کے مطابق تمام پناہ گاہیں صرف بے سہارا افراد کے لئے رات کو کھولی جاتی ہیں اور صبح کو بند کر دیا جا تا ہے۔