اسلام آباد( آن لائن ) وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ اور برطرف وزراء میں کوئی رنجش نہیں ، وزراء پارٹی سے نہیں نکالے گئے، پارٹی ڈسپلن کے معاملے پر کارروائی ہوگی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تینوں برطرف وزراء جن میں عاطف خان ، شہرام ترکئی اور شکیل خان شامل تھے ان کو ذاتی اختلافات کی بناء پر برطرف نہیں کیا گیا تھا ،پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر عہدوں سے
برطرف کیا گیا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور برطرف وزراء کے درمیان کوئی ذاتی اختلاف تھا نہ ہی کوئی رنجش ،برطرفی کا فیصلہ وزیراعظم نے کیا تھا، تینوں برطرف وزراء کو پارٹی سے نہیں نکالا گیا ، صرف پارٹی ڈسپلن معاملے پر کارروائی ہوئی، وزیراعظم اور برطرف وزراء کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا بات ہوئی معلوم نہیں ،برطرفی کا فیصلہ وزیراعظم کا تھا اور بحالی بھی وہی کرینگے اگر دوبارہ آئے تو پارٹی ڈسپلن کا خیال رکھنا ہوگا ۔