اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف کے درمیان ’’صلح ‘‘ ہو گئی،روزنامہ نوائے وقت کے مطابق پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے دونوں رہنمائوں کو اپوزیشن لیڈر چیمبر میں بٹھا یا ،دونوں رہنمائوں نے گلے شکوے کئے ،خواجہ آصف نے سروسز ایکٹس ترمیم کی حمایت سے پیدا ہونے والی غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ اس پورے عمل
میں ان کا کام ڈاکخانے سے زیادہ کچھ نہیں، مجھے نواز شریف کی جانب سے موصول ہونے والے خط میں جو حکم دیا گیا میں نے وہ پارلیمانی پارٹی کے ارکان تک پہنچا دیا ۔ انہوں نے کہا میرے دل میں شاہد خاقان عباسی سمیت پارلیمانی پارٹی کے تمام ارکان کی عزت و تکریم ہے ،شاہد خاقان عباسی نے بھی کہا کہ ان کی کسی کے بارے میں ذاتی رنجش نہیں بہر حال میں اس اہم فیصلے پر کلیئرٹی چاہتا ہوں ہمیں پارٹی پالیسی سے آگاہ کیا جائے ۔