لاہور( این این آئی )ایس پی ماڈل ٹائون عمران ملک نے کہا ہے کہ اینکر پرسن مبشر لقمان کی جانب سے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف درخواست موصول ہوئی ہے ،فریقین کو جلد طلب کر کے ان کا موقف سنا جائے گا تاہم فی الحال دونوں ہی اپنی مصروفیات کی وجہ سے فوری پیش نہیں ہو سکے ۔
بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی ماڈ ل ٹائون عمران ملک نے کہا کہ مبشر لقمان نے موقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے محسن لغاری کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کے موقع پر ان پر تشدد کیا اور دھمکیاں دیں۔قانونی کاروائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹائون عمران ملک کا کہنا تھا کہ ابھی تک وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی گئی تاہم پولیس فریقین کا موقف سننے کے بعد قانونی دفعات کا تعین کرتے ہوئے اس واقعے کا مقدمہ درج کرے گی۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال ایسی تھی جس میں انہوں نے یہی کرنا بہتر سمجھا۔ فواد چوہدری کے مطابق مبشر لقمان کے ساتھ جس صحافی نے پروگرام میں الزامات عائد کیے تھے انہوں نے اپنے کیے کی ٹوئٹر پر معافی مانگ لی ہے۔پولیس مقدمے سے متعلق مبشر لقمان کی شکایت پر انہوں نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ایس پی ماڈل ٹائون کے مطابق پولیس وفاقی وزیر اور صحافی کو جلد ہی طلب کرے گے، فی الحال دونوں ہی اپنی مصروفیات کی وجہ سے فورا پیش نہیں ہو سکے ۔