لاہور(این این آئی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ سچ کے سامنے جھوٹ نہیں ٹھہر سکتا،سچائی ہمیشہ سچائی ہو تی ہے،جھوٹ کے بادل بہت جلد چھٹ جائیں گے اور اللہ عالی کے فضل و کرم سے ایک بار پھر بھرپور قوت کے ساتھ عوام اور ملک کی خدمت کریں گے۔ ممبران اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری کی ابھی تک تشخیص نہیں ہو سکی جیسے ہی ان کی بیماری کی تشخیص ہو گی اور وہ صحتیاب ہوں گے وطن واپس آ جائیں گے،پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنکی دعاؤں سے نواز شریف
کا علاج جاری ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ جو توقعات اور سبز باغ دکھائے گئے وہ بجلی ا ور گیس کے بلوں کی صورت میں بم بن کر برسے ہیں،ہر چیز کا منطقی انجام ہوتا ہے لیکن ان سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہورہی۔انہوں نے کہا کہ 16 ماہ ہو گئے ہیں میری ایک ہی بات ہے اگر یہ حکومت (ن) لیگ کی نسبت 25 فیصد بھی پرفارم کر جائے تو شاباش دوں گا،معیشت کے برے حالات ہیں،سفید پوش طبقہ اور تاجر برادری معیشت کا رونا رو رہے ہیں،عوام کو تشویش ہے اگر حکومت کی کارکردگی اسی طرح جاری رہی تو ہم مزید سیاسی گرداب میں پھنس جائیں گے۔