لاہور(این این آئی) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ ایف آئی اے کے پارٹی سیکرٹریٹ میں چھاپے کا مقصد صرف (ن) لیگ پر دباؤ ڈالنا ہے،جب ایف آئی اے طلبی کے نوٹس جاری کرچکا تویہ چھاپہ کیوں مارا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاک جولائی کے ماہ میں مسلم لیگ ن کی پوری لیڈر شپ نے جج ارشد ملک کے حوالے سے پریس کانفرنس پر جواب جمع کرادیے تھے۔وٹس ایپ جے آئی ٹی کا سربراہ واجد ضیاء اب اپنی نئی کرسی کو مضبوط کرنے کیلئے چھاپے مار رہا ہے۔جس شخص نے آج تک
بکری چوری کے مقدمے کی تفتیش نہیں کی اس نے منتخب وزیر اعظم کی تفتیش کی۔نیب نیازی گٹھ جوڑ کے بعد ایف آئی اے بھی اس لسٹ میں شامل ہوگیا ہے۔عمران خان اداروں کو سیاسی مخالفین کیخلاف استعمال کرنے کی غلط روایت ڈال رہے ہیں۔آج یہ کل یہی ادارے عمران خان کے گھر پر چھاپے ماریں گے۔ہماری لیڈر شپ کے گھروں پر چھاپے مروانا عمران نیازی کا ایک مہنگا سودا ہے۔حکومت کی ان اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں۔ایف آئی اے کٹھ پتلی حکومت کا آلہ کار بننے کی بجائے غیر جانبدار رہے۔