ہنگو(این این آئی)سیاچن پر جامِ شہادت نوش فرمانے والے فوجی جوان سپاہی وارث علی کی نماز جنازہ ضلع ہنگو کے علاقے سیدان بانڈہ میں ادا کر دی گئی جس کے بعد فوجی اعزاز کے ساتھ انہیں آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔شہید کے جنازے میں پاک فوج کے افسران سمیت علاقے کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ضلع ہنگو کے علاقے سیدان بانڈہ سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ جوان سپاہی وارث علی سیاچن کے مقام پر اپنے ملک
کے دفاع کیلئے ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ برفانی تودہ گرنے سے شہید ہو گئے۔شہید کے آبائی علاقے ہنگو سیدان بانڈہ میں ٹل اسکائوٹس کے کرنل کامران انصاری نے شہید وارث علی کو سلامی پیش کرنے والے دستے کی قیادت کی۔شہید کے جنازے میں اہل علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 20 سالہ شہید وارث علی کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی۔کم عمری میں شہادت پانے والے وارث علی نے پسماندگان میں والدین، بیوی اور ایک بھائی چھوڑا۔