کراچی(آن لائن) سندھ حکومت موجودہ دور حکومت میں سورج، ہوا اور کوئلے کی مدد سے مزید 2380 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گی ،جس پر 3.25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائیگی۔ سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ سندھ میں اس وقت 1900 میگاواٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرکے قومی گرڈ میں شامل کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت صوبہ میں 0.2 ملین گھروں میں سولر سسٹمز کی
تنصیب پر سبسڈی فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سولر سسٹم کی تنصیب کیلئے صوبائی حکومت 60 فیصد اخراجات برداشت کرے گی جبکہ صارف 40 فیصد رقم خرچ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران صوبائی حکومت نے توانائی کے شعبہ کی ترقی بالخصوص سورج اور ہوا سے بجلی کی پیداوار پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اس کے علاوہ کوئلے سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں۔